اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے ایرانی صدر حسن روحانی نے ٹیلی فونک رابطہ کرکے کورونا کی وبائی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی ۔ اس کے علاوہ کووڈ 19 کے معاملے پر وزیراعظم اور بل گیٹس کے درمیان بھی رابطہ ہوا۔
وزیراعظم عمران خان کو صدر حسن روحانی نے رمضان المبارک کی مبارک باد بھی دی۔ رہنماؤں کے درمیان دونوں ممالک کے علاقوں میں ٹڈی دَل کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔ اس بات چیت میں دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورت حال اور اس کے اثرات پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے گیٹس فاؤنڈیشن اور عالمی پارٹنرز کی جانب سے مدد کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوش پر مبنی اقدامات کر رہا ہے۔
عمران خان نے دوران گفتگو کہا کہ پاکستان کورونا بیماری کے ساتھ غریب طبقے پر اس کے اثرات کا بھی مقابلہ کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں مستحقین کی مدد کے لیے حکومت پاکستان نے 8 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ ان حکومتی اقدامات کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملی ہے۔