مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 15جنوری تک استعفیٰ دے دیں گے، انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی الرٹ کی وجہ سے جلسہ موخر نہیں کرسکتے، حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے 25 اکتوبر کو ہونے والی جلسے میں شرکت کے لیے کوئٹہ پہنچ گئیں۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کیا جلسہ موخر کرنے سے سیکیورٹی تھریٹ ختم ہوجائے گا،سیکیورٹی کے انتظامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ ہوا تو حکومت اس کی ذمہ دار ہوگی۔ نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ بلوچستان کومسلم لیگ ن کی طرف سے ہمیشہ ترجیح دی گئی،اسی لیے نوازشریف جب وزیراعظم بنے تو بلوچستان کو ترجیح دی۔