عمران خان کی حمایت میں جاوید میانداد کا بڑا بیان

کراچی: سابق عظیم بلے باز جاوید میانداد کا وزیراعظم کے متعلق کہنا ہے کہ کپتان پاکستانی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وڈیو پیغام میں جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ میرا عمران خان سے گہرا اور دیرینہ تعلق ہے، 1974ءسے قائم ہونے والا تعلق کرکٹ کے ساتھ چلتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت دیانت دار انسان ہیں اور جس کام پر لگ جائیں، اسے مکمل کرکے ہی چھوڑتے ہیں، وزیراعظم کسی کو بھی مایوس نہیں کریں گے، وقتی طور پر باتیں غلط لگتی ہیں لیکن آگے چل کر وہ درست دکھائی دیتی ہیں۔
جاوید میانداد نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہمیشہ دوسروں کے لیے سوچتے ہیں، ان کی سوچ بہت سنجیدہ ہے، اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان وہ شخص ہیں جو مٹی میں ہاتھ ڈالیں تو وہ سونا بن جائے، وزیراعظم ہمت اور عزم کی بہترین مثال ہیں ، پرانی باتیں بھول جائیں اس وقت ہم سب کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم پر بھروسہ کیا جائے، پہلے اور اب کے عمران خان میں زمین آسمان کا فرق ہے، ان میں بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے۔ سب کو کپتان کا ساتھ دینا چاہیے۔پاکستان کو ایک اچھا وزیراعظم ملا ہے، ہمارا ملک ان کی قیادت میں پھلے اور پھولے گا۔