عمارت کے ملبے سے 18 لاشیں برآمد، 6کا تعلق ایک ہی خاندان سے!

کراچی : شہرِ قائد کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں گرنے والی 5 منزلہ رہائشی عمارت کے ملبے سے مزید 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد18 ہوگئی۔
اب تک عمارت کے ملبے تلے سے نکالی گئی لاشوں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں جومنہدم ہونے والی عمارت کی پہلی منزل پررہائش پذیر تھے۔ گرنے والی5 منزلہ مخدوش رہائشی عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام منگل کو بھی جاری رہا۔ اس دوران ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے مزید3 خواتین سمیت7 افراد کی لاشیں نکالنے کے بعد ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔ بعدازاں ملبے سے مزید 3 لاشیں بھی نکالی گئیں۔
ملبہ ہٹانے کے لیے پاک آرمی کے انجینئرنگ کور،سندھ رینجرز کے افسران اور ریسکیو اداروں کے اہلکار جدید آلات کے ہمراہ امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ پاک فوج کے سراغ رساں کتوں کی مدد سے بھی ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
متاثرہ عمارت کے مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے ابھی کئی لوگ موجود ہیں جن میں ایک ہی خاندان کے8افراد بھی شامل ہیں۔ اس وجہ سے ملبہ ہٹانے میں انتہائی احتیاط سے کام لیا جا رہا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والی عمارت کے مکینوں کا کہناتھا کہ عمارت کو منہدم ہوئے 2 روز ہو گئے ہیں لیکن ان کی مدد کے لیے کوئی نہیں آیا اور نہ کسی نے ان سے پوچھا کہ وہ کیسے زندگی گزاررہے ہیں۔ متاثرین نے فوری طور پر کوئی متبادل ٹھکانے اور مالی معاونت کی اپیل کی ہے ۔