علی سدپارہ و دیگر کی تلاش، مقامی کوہ پیماؤں کی 6 رکنی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد: علی سدپارہ سمیت 2 غیر ملکی کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے زمینی راستے سے مقامی کوہ پیماؤں کی 6 رُکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
علی سدپارہ سمیت 2 غیر ملکی کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے گزشتہ روز شروع کیا جانے والا گرینڈ سرچ آپریشن خراب موسم کی وجہ سے معطل کیا گیا تھا، جو آج ایک بار پھر شدید موسم کی وجہ سے روک دیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کے ٹو اور بلترو کے علاقے میں آسمان پر گہرے بادل ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق زمینی راستے سے ریسکیو کے لیے مقامی کوہ پیماؤں کی 6 رُکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، زمینی ریسکیو ٹیم فضائی مشن کی رہنمائی میں ڈیتھ زون تک پہنچنے کی کوشش کرے گی۔ زمینی ریسکیو ٹیم کا آج کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس ہوگا۔
واضح رہے کہ موسم سرما میں دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ K2 سر کرنے کی مہم جوئی کے دوران علی سد پارہ اور دو غیر ملکی کوہ پیما جان اسنوری اورجوان پابلو 5 فروری سے لاپتا ہیں۔