اسلام آباد: آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ علمائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے عوام میں شعور پیدا کرنے کا حق ادا کیا۔
وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ساتھ میڈیا بریفنگ کے دوران پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن پر وبا کے خلاف کام کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ملک بھر کے علماء کرام کا شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے اس نازک وقت اور سنگین حالات میں پوری قوم کو اتحاد کا پیغام دیا، رنگ ونسل سے بالاتر ہو کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام ان حالات میں بہت ذمہ داری دکھائی ہے۔ اچھے مسلمان ہونے کے ناطے اپنے اردگرد کےافراد کو محفوظ بنانا ہمارا اولین فریضہ ہے
ان کا کہنا تھا کہ آج جمعہ کا دن ہے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے اللہ ہمیں کورونا وائرس سے نجات دلائے، حکومت اس وقت بر وقت اقدامات کررہی ہے۔ بدلتی صورت حال کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کورونانےعالمی ماحول کویکسربدل کررکھ دیاہے۔انہوں نے کہا کہ تمام پیرا میڈیکل اسٹاف، ڈاکٹر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھی شکر گزار ہیں جو اس مشکل وقت میں ذمے داریاں نبھا رہے ہیں۔ اس جنگ کو جیتنے میں ہمیں میڈیا کا پھر پور تعاون درکار ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ تمام صوبوں کی طرف سےانفارمیشن اور اطلاعات نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کو فراہم کی جاتی ہے۔ یہ این سی سی کے تحت کام کررہا ہے، یہ ایک ون ونڈو سینٹر ہے۔ اس کی سربراہی وفاقی وزیر اسد عمر کررہے ہیں۔ صوبوں کی جانب سے اطلاعات سینٹر کو فراہم کی جاتی ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام سے اپیل ہے کہ گھروں میں رہیں اور محفوظ رہیں، کورونا وائرس کی وبا دنیا بھر میں پھیل چکی۔ صوبائی حکومتوں کو بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں، 38دنوں میں قوم نےاس چیلنج کا بخوبی مقابلہ کیا۔ افواج پاکستان ملک کے کونے کونے میں موجود ہے۔
اس موقع پر مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کورونا سے متعلق اقدامات کا پلیٹ فارم ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف اور ان کی ٹیم نے دن رات اس سینٹر میں خدمات انجام دی ہیں۔ ہم نے متحد ہو کر اس پوشیدہ دشمن کو شکست دینی ہے۔