اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں عہدے پر بحال کردیا۔
شیخ انصر عزیز اپنے وکیل عادل عزیز قاضی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر سیکریٹری چیئرمین لوکل کمیشن افسر علی سفیان عدالت میں اصل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوئے۔ عدالت نے سیکریٹری چیئرمین لوکل کمیشن کی جانب سے پیش کیے گئے ریکارڈ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں ریکارڈ ایسا پیش کیا جاتا ہے، کیا ایم سی آئی کے ساتویں اجلاس کے ایجنڈے میں میئر کی معطلی شامل تھی۔
سیکریٹری چیئرمین لوکل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ نہیں اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے درخواست کی سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کردیا اور بعدازاں سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی طرف سے میئر اسلام آباد کو 90 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے میئر کو عہدے پر بحال کردیا اور سماعت ملتوی کردی گئی۔
واضح رہے مرکزی حکومت نے میئر اسلام آباد کو کرپشن کے الزامات پر 90 دن کے لیے معطل کردیا تھا۔ میئر کی معطلی کا فیصلہ اسلام آباد میں انٹرا سٹی ویگن اڈوں کو خلاف ضابطہ ٹھیکہ دینے پر کیا گیا تھا۔