عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث چین نےتیل خرید کر ذخیرہ کرنا شروع کر دیا

بیجنگ: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں جس سے چین نے فائدہ اٹھانا شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق کورونا وائرس کی وجہ سے باقی دنیا میں تیل کی کھپت انتہائی کم ہو گئی ہے جس سے تیل وافر ہو چکا ہے۔ اس کی ایک وجہ سعودی عرب اور روس کی تیل کی پیداوار کے معاملے پر جنگ بھی ہے۔

ایسے میں جب دنیا کے تیل کے ذخیروں میں جگہ نہیں رہی اور تیل پیدا کرنے والے ملک اونے پونے داموں تیل بیچنے کے لیے بھی تگ و دو کر رہے ہیں، چین نے سستے داموں تیل خرید کر ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق چین گزشتہ سال مارچ کی نسبت رواں سال اس مہینے میں چین نے 4.5فیصد زیادہ تیل درآمد کیا۔ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ سال کی نسبت 5فیصد زیادہ تیل درآمد کیا گیا۔ حالانکہ اسی دوران چین کورونا وائرس کے خلاف بھی جنگ لڑ رہا تھا۔

فچ سالوشنز کے سینئر آئل اینڈ گیس اینالسٹ پیٹر لی نے اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ” تیل کی قیمتوں میں ہوشربا کمی جہاں تیل پیدا کرنے والے ممالک کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے وہیں چینی ڈرائیوروں، کیمیکل پروڈیوسرز اور فیکٹریوں کے لیے سنہری موقع ثابت ہو رہی ہے۔کورونا وائرس کے شور کے دوران چین تیزی سے تیل ذخیرہ کر رہا ہے۔