اسلام آباد: ایئربس کا کہنا ہے کہ کراچی میں پی آئی اے کے حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے فلائٹ ڈیٹا اور کاک پٹ وائس ریکارڈر سے اہم معلومات ملی ہیں۔
چیف پروڈکٹ سیفٹی آفیسر ایئربس نے قومی ایئرلائن سمیت ایئربس طیارے استعمال کرنے والوں کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کا تجزیہ کیا گیا اور سنا گیا جس میں سے اہم معلومات ملی ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات میں پاکستانی ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے نمائندے بھی شریک ہیں، تفتیشی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں، تاہم ایئربس کے پاس تحقیقات کے اس مرحلے میں آپریٹرز کے لیے کوئی خاص حفاظتی سفارشات نہیں ہیں۔