طیارہ حادثہ، مسافروں کی فہرست میں سینئر صحافی انصار نقوی اور معروف ماڈل زارا عابد بھی شامل

کراچی: سول ایوی ایشن نے کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے کے بدقسمت مسافروں کی فہرست جاری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والے طیارے کے مسافروں کی فہرست میں سینئر صحافی انصار نقوی کا نام بھی شامل ہے، وہ چینل 24 کے ڈائریکٹر پروگرام کے عہدے پر فائز تھے، ان کے ساتھ تین سینئر صحافی بھی موجود تھے، اس کے علاوہ معروف ماڈل زارا عابد بھی طیارے میں موجود تھیں۔
خیال رہے کہ آج لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پرواز 8303 ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی، جس میں سو افراد کے جان بحق ہونے کا خدشہ ہے۔
اب تک گیارہ افراد کی اموات کی تصدیق ہوچکی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد بیس ہے، اسپتالوں میں ایمرجینسی نافذ کر گئی ہے۔
ذرائع سول ایوی ایشن کا کہنا ہےکہ طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی اور لینڈنگ سے پہلے اس کے پہیے نہیں کھل رہے تھے جس پر پرواز کو راؤنڈ اپ کا کہا گیا لیکن اس دوران جہاز آبادی پر گر گیا۔

طیارہ حادثہ