فرانسیسی ماہرین کی ٹیم کا جائے حادثہ کا دورہ، بلیک باکس کا ایک حصہ مل گیا

اسلام آباد: کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا۔ فرانسیسی ماہرین نے جائے حادثہ کا دورہ کیا، بلیک باکس کا ایک حصہ مل گیا۔
ماہرین کی 11 رکنی ٹیم جائے حادثہ پہنچی جہاں پی آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے اراکین بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں، ملبہ اٹھانے کے لیے ہیوی مشینری جائے حادثہ پہنچادی گئی، جہاز کے انجن، لینڈنگ گیئرز، ونگز کو چیک کیا جارہا ہے، بلیک باکس اور وائس ریکارڈر کے ذریعے بات چیت پر بھی غور کیا جارہا ہے، ٹیم کے پاس جدید آلات موجود ہیں، پی آئی اے کی ٹیم کو تکنیکی معاونت دی جارہی ہے۔
دوسری جانب تحقیقاتی ٹیم کو کاک پٹ وائس ریکارڈ کی تلاش ہے، بلیک باکس کے اس دوسرے حصے سے تحقیقات میں مدد مل سکے گی، بلیک باکس کا ایک حصہ فائل ڈیٹا ریکارڈ حادثے کے دوسرے روز ملبے سے مل گیا تھا، 6 روز بعد بھی کاک پٹ وائس ریکارڈ نہ مل سکا، کاک پٹ وائس ریکارڈ سے پائلٹ اور معاون پائلٹ کی دوران پرواز گفتگو کا پتا چل سکے گا۔