طیارہ حادثہ، تحقیقات کا دوسرا مرحلہ مکمل طور پر ٹریفک کنٹرولرز پر مرکوز

کراچی: طیارہ حادثے کی تحقیقات کا دائرہ کار مزید بڑھا دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق طیارے حادثے کی تحقیقات کے پیش نظر ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ کے احکامات کی روشنی میں سول ایوی ایشن سے ایئرٹریفک کنٹرولر، فائربریگیڈ سمیت ایمرجنسی میں استعمال ہونے والا تمام ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اے اے آئی بی نے اپنی تحقیقات کا دوسرا مرحلہ مکمل طور پر ٹریفک کنٹرولرز پر مرکوز کردیا، پی کے 8303 کی کپتان اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کے درمیان گفتگو کا ریکارڈ بھی ہنگامی بنیادوں پر مانگا گیا ہے جب کہ حادثے والے روز گراؤنڈ پر موجود شعبہ فائر اور متعلقہ شعبوں کی گفتگو کا ریکارڈ بھی دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق بیلی لینڈنگ کے بعد ایمرجنسی رسپانس کے لیے تیار ہونے والی گاڑیوں کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن کی جانب سے باضابطہ طور پر خط بھی تحریر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنا تمام ریکارڈ فوری طور پر تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کریں، تحقیقاتی ٹیم ایئر ٹریفک کنٹرولر کی لاک بک کا ریکارڈ پہلے ہی طلب کرچکی ہے۔