لاہور: گھریلو تنازعات کے بعد صنم ماروی نے گلوکاری چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
صنم ماروی کی جانب سے گلوکاری کو خیرباد کہنے کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب ان کی سوتیلی بہن گلوکارہ ریشماں پروین نے ان پر الزامات لگاتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔
گلوکارہ صنم ماروی نے ایک سندھی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں آئندہ 15 سے 20 دن میں گلوکاری کو چھوڑ دوں گی کیونکہ جب اہل خانہ ہی دشمن بن جائیں اور ملکیت، پیسا ہی تنازعات کا سبب بنے تو ایسے شعبے میں مزید کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی‘۔ تاہم اس گفتگو میں انہوں نے اپنی بہن کا واضح نام نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے گلوکاری چھوڑنے کی ایک وجہ سندھی مداحوں کی جانب سے ان کی کردار کشی کرنا بھی ہے۔
گزشتہ روز گلوکارہ صنم ماروی کی بہن نے ان کے خلاف تھانے میں درخواست جمع کرائی تھی۔