اسلام آباد: فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صحافی عزیز میمن قتل کیس کے ملزمان خود حکومت میں ہیں، انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا صحافی عزیز میمن کے قتل میں یہ پیش رفت تو ہوئی، سندھ پولیس مان رہی ہے، عزیز میمن کا قتل ہوا اور کرائے کا قاتل گرفتار ہے، قومی اسمبلی میں کہا تھا تفتیش سندھ سے ٹرانسفر کرنا ضروری ہے کیونکہ ملزمان خود حکومت میں ہیں، انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔
گذشتہ روز ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ صحافی عزیزمیمن کے قتل کا ماسٹر مائنڈ مشتاق سہتو ہے، انہیں دشمنی کی بنیاد پر قتل کیا گیا، نذیرسہتو نے قتل کااعتراف کرلیا ہے اور ساتھیوں کے نام بھی بتادیے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ مشتاق سہتو کی گرفتاری کے بعد قتل کی وجوہ سامنے آئیں گی، عزیز میمن قتل کیس میں نذیر سہتو، فرحان اور امیر گرفتار ہیں، مشتاق سہتو سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرنا باقی ہے اور قتل کیس میں دیگر 4 ملزمان کے نام ابھی نہیں بتاسکتا۔