شہر قائد میں سردی کی نئی لہر داخل ہوگئی ہے، پیرکوکم سے کم درجہ حرارت9.7ڈگری ریکارڈ کیاگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید کمی کا امکان ظاہرکیا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت 7 ڈگری تک گِرسکتا ہے، جبکہ سردی کی موجودہ لہر جمعے تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق کراچی میں منگل کو ہوائوں کی رفتار بڑھنے اور سردی میں اضافے کے علاوہ مطلع سرد و خشک رہنے کا امکان ہے۔شہر قائد میں صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 28 اور شام کو 6 فیصد ریکارڈ کیا گیا جب کہ دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی۔