راولپنڈی: ممتاز خاتون اینکر فریحہ ادریس نے اپنے خاوند مرزا مسعود بیگ کے خلاف تھانہ ایئرپورٹ میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ شوہر انہیں قتل کرنے اوران پر تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں دیتا ہے۔
نجی ٹی وی سے تعلق رکھنے والی خاتون اینکر کے اپنے شوہر سے کافی عرصہ سے تعلقات کشیدہ تھے، ان کے قریبی حلقوں کا دعوی ہے کہ اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔
اینکرفریحہ ادریس کی درخواست پر ان کے خاوند کے خلاف تھانہ ایئرپورٹ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعہ 25 ڈی کے تحت درج کی گئی۔
فریحہ ادریس نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاوند مجھے قتل کرنے اور تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچوں کو نقصان پہنچانے، میری جعلی تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔
دوسری جانب ان کے شوہر مرزا مسعود بیگ نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں کا خلع کا کیس چل رہا ہے، میں اپنی بے گناہی تفتیش میں ثابت کروں گا، عدالتوں پر انصاف کا پورا یقین ہے۔