اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ امارات کے ہم منصب شيخ عبداللہ بن زاید آل نہیان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر شکریہ ادا کیا ۔
شاہ محمود اور شيخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں دو طرفہ تعلقات، کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امارات کے وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان کے بروقت اقدامات قابل تحسین ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیں کہا کہ متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی واپسی کا کل سے آپریشن شروع کیا جائے گا جو 28 اپریل تک جاری گا۔ ہر ہفتے 5000 پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔
شاہ محمود نے اپنے منصب کو کشمیر کی صورتحال اور بھارت بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار اس عالمی وبا کو بھی مذہبی رنگ دینے کے درپے ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔