اسلام آباد: پاکستان کے دو اہم سیاست دان کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا اور وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔ شیخ رشید کو بظاہر کورونا کی کوئی علامات نہیں تاہم وہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق دو ہفتے قرنطینہ میں رہیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے۔ ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا، شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کے کورونا میں مبتلا ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی ایمان دار، اہل اور قوم کا درد رکھنے والے قابل اور وفا شعار انسان ہیں، کورونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد نے خوف ناک شکل اختیار کرلی ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام متاثرہ افراد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔