سی پیک منصوبوں پر کام کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سی پیک منصوبوں پر کام کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی پاکستان میں مجموعی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو تفتان سے آئے زائرین سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تمام افراد مکمل صحت مند ہیں۔ جو زائرین کورونا سے متاثر ہوئے ان کی اکثریت صحت یاب ہو چکی ہے۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت نے سی پیک منصوبوں پر کام کھولنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے ساتھ تعمیراتی انڈسٹری بھی جمعہ 3 اپریل سے کھول دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان انڈسٹری سے متعلق پیکیج کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی معاشی ٹیم کے ساتھ ریلیف پیکیج کے خدوخال پر مشاورت مکمل ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں انڈسٹری سے متعلق مزدوروں کی آمدورفت کے لیے صوبوں کو ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔کمیٹی نے جمعہ اور تراویح سے متعلق صوبوں کو ایڈوائزی جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ مقامی انتظامیہ صورت حال کے پیش نظر فیصلہ کریں گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب کے گھر کاچولہا جلے، اس لیے تعمیراتی انڈسٹری کھول رہے ہیں۔ مزدور طبقہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔مزدوروں کا روزگار انڈسٹری سے وابستہ ہے۔