سکھر: ضمانت رد ہونے پر 64 ملزمان عدالت سے فرار

سکھر: سکھر عدالت سے ضمانت رد ہونے پر 71 میں سے 64 ملزمان فرار ہو گئے، پولیس صرف 7 کو گرفتار کرسکی۔ تفصیلات کے مطابق تعلقہ کونسل فیض گنج کے ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے معاملے میں نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں نامزد 71 لوگوں کی ضمانت سکھر عدالت نے رد کردی۔

ایم پی اے ساجد بھانبھن کے بھتیجے سمیت 71 لوگوں کی ضمانت رد ہوئی، ضمانت منظور نہ ہونے پر ملزمان کی بڑی تعداد کورٹ سے فرار ہو گئی، نیب نے ریفرنس میں شامل 7 لوگوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں ثنا اللہ چانگ، علی خان، وحید شیخ، رحمت اللہ اور شہزاد بھٹو شامل ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے فیض گنج کے ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے الزام میں ملزمان کی ضمانت رد کر دی تھی، ملزمان پر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے 12 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما ساجد بھانبھن کا بھتیجا الہٰی بخش بھانبھن پروجیکٹ کے ٹی ایم او کے عہدے پر فائز تھا۔