سندھ: کورونا پھیلاؤ کا باعث بننے والے پر دو سے دس لاکھ جرمانہ ہوگا

کراچی: سندھ حکومت نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کا فیصلہ کرلیا، کورونا کے پھیلاؤ کا باعث بننے والے کسی بھی فرد، ادارے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا جو دس لاکھ روپے تک ہوگا۔
سندھ حکومت کا سندھ وبائی امراض ایکٹ 2014میں ترمیم کے لیے آرڈیننس لایا جائے گا آرڈیننس کا مسودہ منظوری کے لیے سندھ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد گورنر سندھ کو منظوری کے لیے ارسال کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت نے سندھ میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے میں رکاوٹ بننے اور پھیلاؤ کا سبب بننے والے افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے سے متعلق حکومتی اقدامات پر عمل نہ کرنے کی مسلسل شکایات اور طبی عملے کو درپیش مشکلات کا حل نکالنے کے لیے یورپی وخلیجی ممالک کی طرز پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سندھ حکومت نے وبائی امراض ایکٹ 2014میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے اور ایک ترمیمی آرڈیننس جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جو بھی وبائی امراض ایکٹ میں شامل دفعات کی خلاف ورزی کرے گا اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا اور جرمانے کی رقم دو لاکھ روپے سے دس لاکھ روپے تک رکھنے کی تجویز ہے۔