کراچی: عدالت عظمیٰ کے حکم کو بجالاتے ہوئے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں کھولنے پر عائد پابندی ختم کر دی۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرنے کے پابند ہیں، اس لیے اب صوبے بھر میں ہفتے اور اتوار کو بازار کھولنے کی پابندی کو ختم کیا جا رہاہے، جس کے بعد سندھ میں بھی پورا ہفتہ مارکیٹیں کھلیں گی، تاہم دکان داروں کو تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ خریداری کے لیے آنے والی خواتین اپنے ہمراہ چند ماہ کے بچوں کو بھی لا رہی ہیں، اسی طرح بزرگ بھی بغیر ماسک لگائے مارکیٹوں کا رخ کررہے ہیں۔ یہ الارمنگ صورت حال ہے اور کاروباری حضرات کو ان چیزوں کو دیکھنا ہوگا۔
صوبائی وزیر نے دکان داروں سے درخواست کی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے گاہکوں کو دکان کے اندر داخل ہونے نہ دیں۔ سندھ حکومت نے ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سر بمہر کرنے والی دکانوں کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا ۔