کراچی: عوام کو کورونا سے بچانے کے لیے سندھ حکومت کی کوششیں جاری، وزیراعلیٰ کی علمائے کرام کے وفد سے ملاقات، نماز جمعہ سے متعلق مفتی منیب الرحمان نے حکومتی پالیسی پر عمل کرنے کا یقین دلادیا۔ نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں کم لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے سندھ حکومت علمائے کرام کو منانے میں کامیاب ہو گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ اور صوبائی وزرا سے علمائے کرام کے وفد نے اہم ملاقات کی، وزیراعلیٰ کی درخواست پر علمائے کرام نے نمازِ جمعہ سے متعلق مکمل تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق کے ساتھ بیٹھ کر مساجد کے حوالے سے نئی ایس او پیز بنائیں گے۔ جمعے کو دوپہر 12 سے 3 بجے تک سخت لاک ڈائون ہوگا۔
مفتی منیب الرحمان نے عوام سے حکومتی پالیسی پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتے ہیں مساجد کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومتیں موثر حکمت عملی بنا لیں گی۔ علمائے کرام کے تعاون کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔