سندھ: تین گھنٹے کے مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری

کراچی: سندھ میں 3 گھنٹے کے مکمل لاک ڈاؤن اور لاک ڈاؤن میں توسیع کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں جمعہ کو 3 گھنٹے کے مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس کے تحت دن 12 سے سہہ پہر 3 بجے تک کوئی دکان کھلے گی اور نہ کوئی ٹرانسپورٹ چلے گی جب کہ شہریوں کو نقل و حرکت کی بھی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
صوبے میں لاک ڈاؤن میں توسیع کا بھی باقاعدہ اعلان کردیا گیا ، نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کےتحت پابندیوں کا اطلاق 14 اپریل تک رہے گا۔لاک ڈاؤن کےدوران تمام عوامی سیاسی مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی، صرف مقررہ اوقات کےدوران مخصوص کاروباری سرگرمیاں ہوسکیں گی، مساجد میں 3 سے 5 افراد باجماعت نماز ادا کرسکیں گے، عام شہری نماز ظہر گھر پر ہی ادا کریں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نماز جنازہ اور تدفین کے علاوہ ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی، نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی جب کہ سندھ میں تمام انٹرسٹی انٹراسٹی ٹرانسپورٹ سروس بھی بند رہے گی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ نقل وحرکت ممنوع ہوگی۔