کراچی: پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبۂ سندھ اورخصوصاً کراچی میں بسنے والے آج ہم آواز ہو کر”شکریہ عمران خان“ کہتے ہیں۔ سندھ کو بے حساب لوٹا گیا۔ 65فیصد ریونیو دینے والے کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیاگیا تھا، شہر کے لوگ پیاسے تھے۔ موٹر ویز بن گئی تھیں لیکن وہ موٹر وے کے نام پر دھبا ہیں۔ 165ارب روپے کو فسانہ سمجھنے والے سن لیں کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے278ارب روپے کے منصوبے سامنے آچکے، جس میں کئی کا افتتاح ہوچکا اور کئی پر کام جاری ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی، رکن قومی اسمبلی عطاء اللہ خان، اراکین سندھ اسمبلی دعا بھٹو، کریم بخش گبول اور پی ٹی آئی کراچی کے نائب صدر سبحان علی ساحل بھی موجود تھے۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ سندھ کے لیے 378روپے کے پروجیکٹس دینے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سندھ کے حکمرانوں نے شہروں سے سوتیلی ماں سا سلوک کیا۔