اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مشرقی پاکستان کے ٹوٹنے میں دیگر عوامل کے ساتھ بدعنوانی کا بھی کردار رہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مشرقی پاکستان کے ٹوٹنے میں دیگر عوامل کے ساتھ بدعنوانی کا بھی کردار رہا ہے جب کہ آئی پی پیز کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچایا گیا، جن لوگوں نے یہ سب کچھ کیا انہیں شرم تک نہیں آتی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ بدعنوانی کے خلاف جہاد انھوں نے کالج کے دنوں سے شروع کیا تھا، 1969 میں تھوڑے وقت کے لیے مجھے گرفتار بھی کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی دنیا میں ہر جگہ موجود ہے لیکن ماضی میں پاکستان میں کرپشن کے حوالے سے مادر پدرآزادی رہی ہے۔
صدر نے کہا کہ آئی پی پیز کے حوالے سے جو کچھ ہوا وہ ہمارے سامنے ہے، میں تصور نہیں کرسکتا تھا کہ ملک کو اس قدر نقصان پہنچایا جائے گا، جن لوگوں نے یہ سب کچھ کیا انہیں شرم تک نہیں آتی۔