سعودی عرب میں کورونا کا ایک اور مریض گزشتہ روز چل بسا۔ جس کے بعد اس موذی وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں ایک روز کے دوران کورونا کے 112نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرہ افراد کی گنتی 1012 ہو گئی ہے۔ رواں ہفتے کے دوران دو مریضوں کی موت ہوئی ہے۔سعودی وزارت صحت کی جانب جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے نئے 112مریضوں میں سے 34 کا تعلق الریاض ، 26 کا مکہ مکرمہ ، 13 کا جدہ اور 18 کا طائف سے ہے۔جبکہ دمام ، القطیف ، مدینہ منورہ ، الخوبر اور بعض دوسرے شہروں میں بھی کرونا کے نئے کیس منظرعام پر آئے ہیں۔کورونا کے نئے مریضوں میں سے 100 افراد ایسے ہیں جو پہلے سے کورونا سے متاثرہ افراد سے میل جول ا ور رابطے کے باعث اس کا شکار بنے ہیں۔
جبکہ بارہ افراد بیرون ملک سے لوٹے، جن میں وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد انہیں الگ کر دیا گیا ہے۔ تمام نئے متاثرین کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ زیادہ تر کی حالت مستحکم ہے اور بتدریج بہتری کی طرف جا رہی ہے۔وزارت صحت کے مطابق سعودی مملکت میں کورونا کے مزید مریض شفایاب ہو گئے ہیں، جس کے بعد صحت یاب افراد کی گنتی 33 ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے رواں ہفتے کے دوران کورونا پر قابو پانے کے لیے کئی سخت فیصلے لیے ہیں۔