سعودی عرب میں فیکٹریوں کو روزانہ ایک کروڑ فیس ماسک تیار کرنے کی ہدایت دے دی گئی تاکہ شہریوں کی ضرورت آسانی سے پوری کی جا سکیں۔سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی فیکڑیوں اور اداروں کو یومیہ 1 کروڑ حفاظتی ماسک تیار کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔اس حوالے سے وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بحران کے شروع ہی سے مسلسل کوشش رہی ہے کہ حفاظتی ماسک اندرون ملک زیادہ سے زیادہ تیار کیے جائیں تاکہ اس حوالے سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی ضروریات آسانی سے پوری کی جا سکیں۔وزیر کا کہنا تھا کہ کئی سرکاری ادارے اندرون ملک ماسک تیار کر رہے ہیں، حکومت اس پروجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لیے قرضے بھی دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماسک تیار کرنے والی فیکٹریوں سے براہ راست ماسک خریدے بھی جا رہے ہیں۔ یہ طے پایا ہے کہ مملکت میں ماسک کی یومیہ پیداوار 1 کروڑ تک پہنچ جائے۔وزیر صنعت کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس بحران کے شروع میں ہماری فیکٹریاں حفاظتی ماسک جتنی تعداد میں تیار کر رہی تھیں اب ان کی پیداواری صلاحیت بڑھ کر 5 گنا زیادہ ہوچکی ہے۔سعودی فیکٹریاں فی الوقت 25 لاکھ حفاظتی ماسک تیار کر رہی ہیں اور جلد ہی یہ تعداد ایک کروڑ تک جا پہنچے گی۔