اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام کوششیں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہونی چاہییں۔نجی کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا وائرس کے معاشی اثرات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزارت خزانہ کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں معاشی اعشاریوں اور کورونا کے معیشت پر مرتب اثرات پر بریفنگ دی گئی جب کہ حکومت کی جانب سے ساڑھے 1200 ارب روپے اعلان کردہ معاشی پیکیج پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کورونا وائرس کی صورت حال کے دوران اقتصادی ریلیف فراہم کرنے پر وزارت خزانہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں کو دی جانے والی سبسڈی کے عمل کی کڑی نگرانی کی ضرورت ہے، موجودہ اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ’آؤٹ آف دی باکس‘ حل نکالنے ہوں گے، حکومت کی تمام کوششیں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہونی چاہییں۔
چھوٹے کاروبار اور زراعت کے شعبے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، چھوٹے کاروبار اور زرعی شعبے کو نوکریاں پیدا کرنے کے قابل بنایا جائے، پی ایس ڈی پی میں منصوبوں کے آغاز سے زیادہ بروقت تکمیل پر توجہ دی جائے، ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے۔