روبینہ اشرف کے آئی سی یو منتقل ہونے کی افواہوں کی تردید

کراچی: سینئر اداکارائیں روبینہ اشرف اور سکینہ سموں گزشتہ دنوں کورونا وائرس کی لپیٹ میں آگئی تھیں، اتوار کو اداکارہ روبینہ اشرف کے حوالے سے افواہیں گردش کرتی رہیں کہ اُن کی حالت بہت تشویش ناک ہے اور اُنہیں آئی سی یو منتقل کردیا گیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ان کے آئی سی یو میں منتقل ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ٹوئٹر پر لکھا روبینہ اشرف صاحبہ گھر پر روبصحت ہیں ان کو آئی سی یو میں شفٹ کیے جانے کے حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں، روبینہ اشرف صاحبہ کے شوہر طارق بھائی نے دعائے صحت کی اپیل کی ہے جب کہ رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی بھی اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔
60 سالہ اداکارہ روبینہ اشرف کو کورونا وائرس کے باعث سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا۔
ان کی طبیعت خرابی کا سن کر شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے ان کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی ہے۔ ندا یاسر اور یاسر نواز جو خود بھی کورونا کا شکار ہیں، نے روبینہ اشرف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی صحت کے لیے دعا کی۔
ہمایوں سعید، ماہرہ خان، منشا پاشا، انجلین ملک اور علی رحمان خان سمیت متعدد شوبز اسٹارز روبینہ اشرف کے لیے دعاگو ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کررہے ہیں۔