کراچی: پوری دُنیا کی طرح پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی رواں کاروباری ہفتہ مندی سے عبارت رہا، اس باعث سرمایہ کاروں کے 360 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔
کرونا وائرس اور تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی نے جہاں دنیا بھر کی اسٹاک ایکسچینج کو متاثر کیا وہیں اس کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی پڑے۔ 9 سے 13 مارچ کے کاروباری ہفتے کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں مجموعی طور پر 2 ہزار 158 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی اور کاروباری ہفتے کے اختتام پر انڈیکس 36 ہزار 60 کی سطح پر بند ہوا۔
ہفتے بھر میں مختلف کمپنیوں کے ایک ارب 32 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مجموعی مالیت 63 ارب روپے سے زائد رہی اور سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر 360 ارب روپے کا نقصان ہوا۔