قیامت خیز گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری، بارشوں کا تگڑا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کیلئے تیار، رواں ماہ کے دوران بارشوں کے مزید 3 سلسلوں کی آمد کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق سال کے سب سے گرم مہینے جون کے آغاز کے بعد سے سورج ملک کے بیشتر علاقوں میں آگ برسا رہا ہے۔ ملک کے کئی علاقے گزشتہ چند روز سے ہیٹ ویوو کی زد میں ہیں۔دوسری جانب گذشتہ 24 گھنٹوں کے موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے
کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جب کہ سندھ، جنوبی و وسطی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید گرم رہا۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت: نوکنڈی 48، نور پور تھل47، دالبندین اوربھکر میں 46ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج مطلع مکمل و جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، صبح اور شام کے اوقات میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔اس وقت شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر میں 12 تا 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوا چل رہی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مطلع مکمل و جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے
۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، صبح اور شام کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔جبکہ بارشوں کے اس سلسلے کے بعد بھی رواں ماہ میں مزید بارشوں کے سلسلوں کی آمد کی نوید سنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جون کے آخری 2 ہفتوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم بہتر رہے گا۔ جون کے آخری 2 ہفتوں کے دوران بارشوں کے 2 سے 3 سلسلوں کی آمد کی توقع ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں برف پگھلنے کے سلسلے میں بھی تیزی آئے گی، جس باعث دریاوں میں پانی کی سطح بہتر ہو جائے گی۔