رمضان کے وسط تک حج کے متعلق فیصلہ ہوجائے گا، وفاقی وزیر مذہبی امور

اسلام آباد: 15 رمضان المبارک تک حج ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر مذہبی امور کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت حج سے متعلق پاکستان سے مشاورت کرکے حتمی فیصلہ کرے گی۔ سعودی وزارت حج نے فی الوقت کوئی بھی معاہدہ کرنے سے روک رکھا ہے۔ ان کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا مکمل طور پر جائزہ لے رہی ہے اورحج ادائیگی سے متعلق مختلف تجاویز ان کے زیر غور ہیں۔ جن میں پہلا آپشن یہ ہے کہ صرف سعودی عرب کے مقامی افراد کو حج کی اجازت دی جائے، اس کے علاوہ تمام ممالک کے کوٹے کو صرف دس فیصد تک لے جانے اور صرف خلیجی ممالک کے حجاج کو حج کی اجازت دینے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔