راولپنڈی: صدر کینٹ کے علاقے میں دھماکا ہوا ،جس کے باعث ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی کینٹ کے علاقے میں دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر تفتیش میں مصروف ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد بجلی کے کھمبے کے ساتھ نصب کیا گیا تھا، فرانزک سائنس لیب اور تفتیشی ٹیمیں بھی موقع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں
پولیس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عارفین ولد اکرام کے نام سے ہوئی جو ٹینچ کا رہائشی اور فروٹ کی ریڑھی لگاتا تھا جب کہ زخمیوں میں 3 بچوں عباس، سفیان، ولی سمیت عمران ولد اقبال، شمریز ولد یعقوب، ناصر ولد افسر، شاہد ولد علی محمد، خدا بخش ولد فیض بخش، حماد ولد بلال، حر ولد نثار، احمد دین ولد نور دین ،فراز ولد محمد الیاس شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں ایک بزرگ اور تین بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد ریسکیو، پاک فوج، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور پاک فوج کے جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ سول ڈیفنس کی بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئی۔