دُنیا میں 20 لاکھ سے زائد کورونا مریض، اموات سوا لاکھ سے متجاوز

واشنگٹن/ روم/ پیرس/ بیجنگ: دنیا بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی جب کہ ایک لاکھ 26 ہزار 782 لوگ زندگی ہار چکے۔
دنیا بھر کے ممالک میں کورونا مریضوں کی تعداد 20 لاکھ 951 تک پہنچ گئی ہے جب کہ وبا کے باعث اب تک ایک لاکھ 26 ہزار 782 افراد جان کی بازی ہار چکے، تاہم 4لاکھ 66 ہزار 948 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
اس عالمی وبا نے امریکا کو بری طرح متاثر کیا، اس سے امریکا میں اب تک 26 ہزار64 افراد ہلاک ہوچکے جس میں سے صرف نیویارک میں 10 ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا ذمے دار ڈبلیو ایچ او کو قرار دیتے ہوئے ادارے کا احتساب کرانے پر اصرار کیا ہے۔
اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث مزید 602 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار 67 ہوگئی ہے۔ اسپین میں بھی مزید 300 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ ہلاکتوں کی کل تعداد 18 ہزار 255 ہو چکی ہے۔
عالمی وبا سے برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 778 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 107 تک پہنچ گئی ہے۔ فرانس میں بھی کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 15 ہزار 729 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث ایران میں 4 ہزار 683، بیلجیئم میں 4 ہزار 157 جب کہ چین میں 3 ہزار 341 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق وارننگ دی ہے کہ لاک ڈاؤن میں وقت سے پہلے نرمی وبا کی واپسی کی وجہ بن سکتا ہے۔