واشنگٹن/ روم/ پیرس/ ایران/ ماسکو: دنیا بھر میں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر شدت آگئی، جمعہ کو ایک ہی دن میں ایک لاکھ 81 ہزار نئے مریض سامنے آئے اور نیا ریکارڈ بن گیا۔ دُنیا بھر میں 4 لاکھ 63 ہزار زندگیاں اس کی بھینٹ چڑھ چکی ہیں جب کہ 87 لاکھ سے زائد افراد اس کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے بھی خبردار کردیا اور کہا کہ دنیا اب ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں ہے۔
برازیل میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے مزید 55 ہزار کیسز سامنے آگئے ہیں، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ برازیل میں 49 ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
امریکا میں کورونا وائرس کے مزید 33 ہزار مریضوں کے ساتھ متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 لاکھ 96 ہزار ہوگئی۔
دوسری جانب بھارت میں مزید 14 ہزار 700 سے زائد مریض سامنے آگئے ہیں جب کہ سعودی عرب میں بھی مریضوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
ایران میں کورونا وائرس ایک بار پھر پھیل رہا ہے، جمعے کو ایران میں مزید 2 ہزار 615 مریض سامنے آئے جب کہ مزید 120 افراد انتقال کرگئے، اس طرح ایران میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
کورونا وائرس سے متاثر چلی 2 لاکھ 31 ہزار مریضوں کے ساتھ نویں نمبر پر ہے جب کہ میکسیکو میں مزید 5 ہزار 23 نئے مریض سامنے آئے اور 647 مریض جان سے چلے گئے جس کے بعد میکسیکو میں کورونا کے باعث جان سے جانے والے افراد کی تعداد 20 ہزار 394 ہو گئی ہے۔
امریکا میں 2 کروڑ 73 لاکھ اور روس میں ایک کروڑ 63 لاکھ سے زائد کورونا ٹیسٹ ہوچکے جب کہ برطانیہ 74 لاکھ اور بھارت 64 لاکھ سے زیادہ افراد کے ٹیسٹ کرچکا ہے۔