نیویارک/ لندن/ چلی/ پیرس: کووِڈ 19 کی عالمی وبا 213 ممالک کو لپیٹ میں لے چکی، اس سے ہلاکتیں بڑھ کر 3 لاکھ 66 ہزار 890 ہوگئیں، وائرس سے اب تک 60 لاکھ 33 ہزار افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
کورونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں 4 ہزار 872 افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 26 لاکھ 61 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات 1 لاکھ سے بھی بڑھ گئی ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1,212 اموات ہوئیں۔
برطانیہ ہلاکتوں میں دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 324 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 38,161 ہوگئیں جب کہ متاثرین کی تعداد بھی 2 لاکھ 71 ہزار سے بڑھ گئی۔
اٹلی تیسرا ملک ہے جہاں وائرس سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 33,229 انسانوں کی جانیں لے چکا اور 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 52 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 500 کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
فرانس اور اسپین بھی شدید متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہیں، فرانس میں ہلاکتیں 28,714 ہوچکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 86 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ اسپین میں 27,121 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے جب کہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 85 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔ برازیل میں بھی بہت تیزی سے کورونا سے اموات بڑھتی جارہی ہیں، اب تک وائرس سے 27,944 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 4 لاکھ 68 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔