لاہور: دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اور ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر حیدر علی کو قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز اگست-ستمبر میں انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔ٹیسٹ میں اظہر علی کپتان جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم قیادت سنبھالیں گے۔
فاسٹ بولرز حسن علی، محمد عامر اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل دورہ انگلینڈ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ حسن علی کمر کی انجری اور محمد عامر دوسرے بچے کی پیدائش کے باعث دستیاب نہیں تھے جب کہ حارث سہیل نے کورونا وبا کے پیش نظر دورہ انگلینڈ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر نہیں کی تھی۔
کاشف بھٹی، سہیل خان، شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عمران خان اور فواد عالم کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔اُدھر فاسٹ بولر سہیل خان کی بہت عرصے بعد قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
سلیکٹرز نے بلال آصف، محمد نواز، موسیٰ خان اور عمران بٹ کو ٹور کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے۔ ان چاروں ریزرو کھلاڑیوں کو انگلینڈ روانگی سے قبل کسی بھی کھلاڑی کے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی صورت میں بیک اپ کے طور پر رکھا گیا ہے۔دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ 20 اور 25 جون کو ہوں گے۔
اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ عابد علی ، فخر زمان ، شان مسعود ، امام الحق ، اظہر علی ، بابراعظم ، اسد شفیق ، فواد عالم ، حیدر علی ، افتخار احمد ، خوشدل شاہ ، محمد حفیظ ، شعیب ملک، محمد رضوان ،سرفراز احمد ،فہیم اشرف ، حارث رؤف ، عمران خان سینئر ، محمد عباس ، محمد حسنین ، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی ، سہیل خان ، عثمان شنواری ، وہاب ریاض، یاسر شاہ ، عماد وسیم ، کاشف بھٹی اور شاداب خان ۔