لاہور: دورۂ انگلستان کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل تین کرکٹرز کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے ۔
نجی ٹی وی کے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین کرکٹرزحارث رؤف، حیدر علی اور شاداب خان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔ ٹیسٹنگ سے قبل تینوں کھلاڑیوں میں وبا سے متاثر ہونے کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھیں۔ تینوں کھلاڑیوں کا ٹیسٹ اتوار کو ہوا تھا۔
تینوں کھلاڑیوں کو فوری طور پر سیلف آئیسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ پی سی بی کا میڈیکل پینل اس سلسلے میں تینوں کھلاڑیوں سے مکمل رابطے میں ہے۔ دیگر دو کھلاڑی، عثمان شنواری اور عماد وسیم کا ٹیسٹ منفی آیا ہے، جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو 24 جون کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس کےعلاوہ اسکواڈ میں شامل دیگر تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کووڈ 19 ٹیسٹ آج مکمل کرلیے گئے۔ اسکواڈ میں شامل ان اراکین کے ٹیسٹ چار مختلف شہروں، راولپنڈی، لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ضمن میں مزید کوئی تبصرہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔