خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب سے بھی ٹڈی دل کا خاتمہ کردیا گیا۔ نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی) کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ٹڈی دل کا خاتمہ ہوگیا ہے البتہ بلوچستان اور سندھ میں ٹڈیاں تاحال موجود ہیں۔خیال رہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں آپریشن کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، متعلقہ ادارے کو پنجاب اور کے پی کے میں کامیابی ملی، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ باقی صوبوں سے بھی ٹڈیوں کا جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔ نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 33ہزار100 ہیکٹرز رقبے کا سروے کیا گیا، انہیں گھنٹوں کے دوران تھرپارکر اور لسبیلہ میں 784 ہیکٹر رقبے پر کنٹرول آپریشن مکمل ہوا ۔6 ماہ میں 11 لاکھ 15 ہزار637 ہیکٹر رقبے پر انسداد ٹڈی دل اسپرے کیا جاچکا ہے۔