پشاور: بارشوں کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گھروں کی چھتیں گرنے اور پانی میں بہہ جانے سمیت مختلف حادثات میں اب تک 32 افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوچکے ہیں۔
ملک بھر سمیت خیبرپختونخوا میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورت حال نے تباہی مچادی۔ دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی سے کھڑی فصلیں تباہ، سڑکوں اور پُلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں سے مٹی کے تودے، چھتیں گرنے، پانی میں بہہ جانے اور مختلف حادثات کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بارشوں سے سیلابی صورت حال کے باعث نوشہرہ اور چارسدہ میں دریاؤں کے قریب آباد کئی دیہات خالی کرالیے گئے اور سیاحوں کو بھی نکالا جارہا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجے میں اب تک 23 افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوچکے جب کہ 110 گھروں کو جزوی، 13 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں سے احتیاط کرنے کی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ بند سڑکیں کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں،نوشہرہ اور چارسدہ میں
دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد صورت حال سے باخبر رہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق صوابی کے علاقے موسی بانڈہ میں بارش سے کچے مکان کی چھت گرنے سے 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، جاں بحق وزخمیوں کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی منتقل کردیا گیا ہے، جاں بحق افراد میں عاصمہ، سلمان، سلمیٰ، تمنا اور مینسہ شامل ہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نوشہرہ میر رضا نے علاقے میں الرٹ جاری کردیا اور دریائے کابل کے کناروں پر آبادی میں رہائش پذیر لوگوں کو دُور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریائے سوات کے سیلابی ریلے میں تین افراد ڈوب چکے، جن میں سے ایک کی لاش برآمد جب کہ دیگر دو کی تلاش جاری ہے۔ ڈوبنے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
مانسہرہ کے علاقے اوگی حسین بانڈہ میں شدید بارش سے مکان کی چھت گرگئی، جس سے نتیجے میں 4 افراد فضل الہٰی، محمد شبیر، نوراسلام، بنت بی بی جاں بحق ہوگئے، مانسہرہ کے ہی علاقے چھترپلین میں مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے 5 افراد ملبے تلے دب گئے۔
سوات میں فضاگٹ روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک جام، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جب کہ حالیہ تیز بارشوں کی وجہ سے مختلف مقامات سے دریائے سوات میں لوگ ڈوب گئے، جن کی تلاش کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ریسکیو 1122 کی جانب سے واٹر اینڈ سرچ ریسکیو اپریشن جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سوات میں چکدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 59078 کیوسک، منڈا35840، خوازخیلہ 33684، دریائے پانچکوڑہ 20981، کیوسک دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام 90393 کیوسک ہے جب کہ بارش سے دریائے سوات کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔