کراچی: نامور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ وہ ترکش ڈرامے’’ارطغرل غازی‘‘ کی طرز پر کہانی لکھنے جارہے ہیں۔
خلیل الرحمان قمر نے حال ہی میں ایک ٹاک شو کے دوران کہا کہ وہ ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کو پاکستان میں بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے اس کی کہانی بھی لکھنی شروع کردی ہے۔
ترک مسلمانوں کی تیرہویں صدی میں اسلامی فتوحات پر مبنی ترکش ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردیے ہیں۔ اس ڈرامے کو نہ صرف یوٹیوب پر لوگ بے تحاشہ پسند کررہے ہیں بلکہ یہ ٹوئٹر اوریوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے اور پاکستانی سوشل میڈیا تو اس ڈرامے کے کردار و مکالموں سے بھرا پڑا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی اینکر نے اپنے ٹاک شو میں خلیل الرحمان قمر کو مدعو کیا اور ان سے پوچھا کہ کیا آپ ارطغرل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی کہانی پر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں؟ جس پر خلیل قمر نے کہا بالکل میں سوچ رہا ہوں اور 3 روز قبل میں نے ہمایوں سعید سے اس موضوع پر بات بھی کی تھی جس کے بعد ہم نے ارطغرل کی طرح کے پروجیکٹ پر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔
خلیل الرحمان قمر نے مزید کہا ہماری حدود بہت ہیں اور ہمیں اس طرح کا طعنہ اس لیے نہیں دیا جاسکتا کہ ہمارے پاس صرف وسائل کا پرابلم ہے ورنہ ہمارے پاس بہترین اداکار و ہدایت کار اور بہترین دیکھنے والے موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا میں صرف سوچ نہیں رہا بلکہ میں اس پروجیکٹ کو کل سے لکھنا شروع کررہا ہوں۔