خاقان شاہ نواز اور سبینہ سید نے منگنی کرلی

کراچی: پاکستان کے دو مقبول نوجوان اداکاروں خاقان شاہ نواز اور سبینہ سید نے منگنی کرلی۔
اپنی جاندار اداکاری اور کامیاب ڈراموں کے ذریعے کم وقت میں شائقین کے دل جیتنے والے خاقان شاہ نواز اور سبینہ سید نے انسٹاگرام پر اپنی منگنی سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا۔
انہوں نے ایک دلکش مشترکہ پوسٹ کے ذریعے اپنی منگنی کا اعلان کیا۔
کھلے میدانوں میں، روایتی پنجابی لباس پہنے دونوں نے تصاویر شیئر کیں اور ساتھ خوبصورت کیپشن لکھا کہ ہمارا تو ہوگیا، آپ لوگ اپنا دیکھ لو۔
مداحوں، ساتھی فنکاروں اور دوستوں کی جانب سے جوڑے کو مسلسل مبارک بادیں موصول ہورہی ہیں۔
خیال رہے کہ سبینہ سید نے 2017 میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور مقدر، یقین کا سفر، دوبارہ، ایک اور لو اسٹوری جیسے کامیاب ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ جلدہی آنے والے ڈرامے نیلی کوٹھی میں بھی نظر آئیں گی۔
دوسری جانب، خاقان شاہ نواز نے 2023 میں شوبز میں قدم رکھا اور مقبول ڈرامے یوں ہی سے شہرت حاصل کی۔ اس کے بعد وہ سکون، مائی ڈیئر سنڈریلا اور ویری فلمی میں بھی نظر آئے۔
دونوں اداکار پہلے بھی کلیئر شیمپو کی سوشل میڈیا مہم میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں اور مختلف تقریبات میں ایک ساتھ دیکھے گئے، جن میں کبریٰ خان اور گوہر رشید کی شادی بھی شامل ہے۔

ActorsKhaqan ShahnawazSabeena Syed