حکومت ایس او پیز کے تحت اسکولز کھولنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے، شفقت محمود

اسلام آباد: شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز کے تحت اسکول کھولنے کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسکول کھولنے کے معاملے پر اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، مدارس اور پرائیویٹ اداروں سے تجاویز طلب کی ہیں۔ اس معاملے پر وزارت صحت کے ساتھ بھی میٹنگ رکھی ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ڈیٹا کو بھی مدنظر رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں تعلیم جیسے بنیادی اہمیت کے معاملے پر بے یقینی کی فضا ختم ہو۔ گیلپ سروے کے مطابق احتیاطی اقدامات کے تحت اسکولز کھلنے پر 70 فی صد والدین نے بچوں کو اسکولز بھیجنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔ لائحہ عمل تیار ہونے کے بعد والدین کو اعتماد میں لینے کے لیے پریس کانفرنس کے ذریعے خطاب کروں گا۔