اسلام آباد: حکومتِ پاکستان 35 لاکھ چھوٹے تاجروں کے تین ماہ کے بِل ادا کرے گی۔ ذرائع کے مطابق احساس پروگرام کے ذریعے تین ماہ کے بجلی کے بِل ادا کیے جائیں گے۔
اس اعلان کے بعد چھوٹے اور درمیانے طبقے کے تاجروں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں حکومت کا یہ اعلان خوش آئند ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدام سے لاک ڈاوُن ختم ہونے کے بعد چھوٹے تاجروں کو کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد فراہم ہوگی۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے تاجروں کے مسائل سننے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ سندھ کے تاجروں کی شکایت ہے کہ سندھ حکومت انہیں کوئی سہولت فراہم نہیں کر رہی اور نہ ہی ان کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوشش کر رہی ہے۔
تاجروں کا مزید کہنا ہے کہ کراچی پاکستان کا اہم ترین شہر ہے، ملک کی ستر فیصد آمدنی کراچی سے ہی ہوتی ہے۔ اس صورتِ حال میں سندھ کے تاجروں کے مسائل نظر انداز کرنا سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سندھ حکومت ایک جانب طاقتور تاجروں کو گندم کی کاشت میں ناجائز منافع دے رہی ہے جبکہ درمیانے اور چھوٹے طبقے کے تاجروں کو جائز حقوق سے محروم رکھا ہوا۔