کراچی: گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ترکش ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کو منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کے پاکستانی دیوانے ہیں اور سوشل میڈیا پر اکثر اس ڈرامے اور ڈرامے کے فنکاروں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ’’ارطغرل غازی‘‘ کو پسند کرنے والوں میں عوام کے ساتھ پاکستان کی مشہور گلوکارہ حدیقہ کیانی بھی شامل ہیں۔
حدیقہ کیانی نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر ایک ترک گانا شیئر کیا جسے انہوں نے 2005 میں ترکی کے شہر استنبول میں اے کے ایم اوپیرا ہاؤس میں گایا تھا۔ اس گانے کو شیئر کرنے کے ساتھ حدیقہ کیانی نے لکھا، مجھے 2005 میں یہ گانا گانے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ اور اب میں نے ’’دیریلش ارطغرل‘‘ سیریز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک بار پھر اس گانے کو ترتیب دیا ہے۔
اس کے علاوہ حدیقہ کیانی نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات اور رشتے کو ہمیشہ مستحکم رہنے کی بھی خواہش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ اس عظیم شخصیت کے بارے میں ہے جو سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد تھے۔ ان کا نام ارطغرل تھا اور انہيں ارطغرل غازی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔