جیکب آباد میں خاتون سیاسی رہنما کا غیر روایتی جرگہ

جیکب آباد۔ سندھ کے شہر ٹھُل میں خاتون سیاسی رہنما فیروزہ لاشاری نے ایک غیر روایتی جرگہ کرکے ایک نوجوان لڑکی کی جان بچا لی اور ملوث فریق سے معافی منگوائی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جیکب آباد کے شہر ٹھل میں ایک با اثر لڑکا ایک لڑکی کو پیار کا جھانسہ دے کر مسلسل بلیک میل کر رہا تھا اور لڑکی کو بدنام کر رہا تھا جس کی وجہ سے قبائلی افراد لڑکی کی جان لینا چاہتے تھے۔ سندھ سرگرم سماجی کارکن اور پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی رہنما فیروزہ لاشاری نے ٹھل پہنچ کر لاشاری ہائوس پر دونوں فریقین کو بٹھا کر انتظامیہ کی مدد سے قانونی طریقے سے مسئلہ حل کروایا۔ فیروزہ لاشاری نے کسی پر نہ کوئی جرمانہ لگایا اور نہ روایتی وڈیرا نہ طریقوں سے فیصلہ کیا۔ فیروزہ لاشاری نے بلیک میل کرنے والے لڑکے سے سر عام معافی منگوائی اور تحریری طور پر لکھوا لیا کہ آیندہ اس قسم کی حرکت کی تو عدالت کے ذریعے گرفتار کروایا جائے گا۔ جبکہ لڑکی کی فریق بھی مطمئن ہوگئی۔ قبائلی علاقے ٹھل میں اس قسم کا غیر روایتی جرگہ مقامی عوام کے لئے بہت حیرت کن ہے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ فیصلہ کوئی سردار کرتا تو لڑکی اور لڑکے کو کارو کاری قرار دے کر لاکھوں روپے کے جرمانے ڈالے جاتے۔ اس سلسلے میں فیروزہ لاشاری کا کہنا ہے کہ سندھ کے دیہات میں وڈیرا شاہی کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے مسائل کو حل کرنے کے بجائے پیچیدہ بنایا جاتا ہے۔ باشعور حلقے عوام کے چھوٹے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کر سکتے ہیں اسی طرح میں نے کوشش کی ہے