کراچی۔ پیپلز پارٹی کے عہدیدار کو چیف جسٹس کے خلاف تقریر مہنگی پڑ گئی۔ سعید غنی نے مقامی عہدیدار مسعود الرحمان عباسی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی پی ایس 114 کراچی غربی کے جنرل سیکریٹری مسعود الرحمان نے گذشتہ روز پارٹی کے مقامی جلسے میں چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف تقریر کی تھی۔ جس پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویزن کے صدر نے شوکاز نوٹس دیتے ہوئے مسعود الرحمان سے تین دن میں وجاحت طلب کی ہے۔ سعید غنی نے نوٹس میں کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جوڈیشل ایکٹو ازم کا شکار رہی لیکن معزز ججز کے خلاف کبھی بھی ذاتی حملے نہیں کیئے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے باوجود بھی پیپلز پارٹی نے عدالتوں کا احترام ملحوظ رکھا ہے۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری نے عدالتی زیادتیوں کے با وجود عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کیا عدالتوں سے لڑائی نہیں کی۔