اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں، اس دعوے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گلگت بلتستان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھارتی تبصرے پر سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور احتجاج کرتے ہوئے اُن سے کہا گیا کہ گلگت بلتستان پر بھارتی دعویٰ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔
پاکستان نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں اور بھارت کے اس دعوے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، جموں کشمیر متنازع علاقہ ہے اور عالمی برادری بھی جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کرتی ہے، وادی کشمیر کا معاملہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی حل کیا جاسکتا ہے۔