اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دے دیا۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دس رکنی فل کورٹ نے سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسی کیس کی صبح سماعت کی۔ کیس کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
مختصر فیصلہ فل کورٹس کے سربراہ جسٹس جناب عمر عطا بندیال نے سنایا۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
مختصر فیصلے میں کہا گیا ایف بی آر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ کو 7 دن میں نوٹس جاری کرے۔ جج کی اہلیہ کو ہر پراپرٹی کا الگ سے نوٹس جاری کیا جائے۔ ایف بی آر نوٹس جج کی سرکاری رہائش گاہ پر جاری کرے۔ایف بی آر حکام معاملے کو مزید التوا میں نہ ڈالیں۔ ایف بی آر فیصلہ کرکے رجسٹرار سپریم کورٹ کو آگاہ کرے۔ قانون کے مطابق کارروائی بنتی ہو تو جوڈیشل کونسل کارروائی کی مجاز ہوگی۔ چیئرمین ایف بی آر خود رپورٹ پر درخواست کرکے رجسٹرار کو جمع کرائیں۔